بھارتی آرمی چیف کے بیان پر آئی ایس پی آر کا سخت ردعمل، پاکستان کو مٹانے کی دھمکی کو جنگی جنون قرار

راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بھارتی آرمی چیف کے حالیہ اشتعال انگیز بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے اسے “ذہنی دیوالیہ پن اور جنگی جنون” قرار دیا ہے۔

انمول عرف پنکی کے شناختی و سفری دستاویزات سامنے، پاسپورٹ 2023 میں ایکسپائر ہوا، تحقیقات جاری

بھارتی آرمی چیف جنرل اوپندر دویدی نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ پاکستان کو فیصلہ کرنا ہے کہ وہ جغرافیہ اور تاریخ کا حصہ بننا چاہتا ہے یا نہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ایک ایٹمی ہمسایہ ملک کو جغرافیے سے مٹانے کی دھمکی نہ صرف غیر ذمہ دارانہ ہے بلکہ یہ خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ پاکستان ایک خودمختار ریاست، تسلیم شدہ ایٹمی طاقت اور جنوبی ایشیا کے جغرافیے و تاریخ کا ناقابلِ تنسیخ حصہ ہے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارتی قیادت کا یہ طرزِ عمل اس حقیقت کو ظاہر کرتا ہے کہ وہ پاکستان کے وجود کو تسلیم کرنے میں ناکام رہی ہے، جبکہ ایسی اشتعال انگیزی بارہا خطے کو بحرانوں کی طرف دھکیلتی رہی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ذمہ دار ایٹمی ریاستیں تحمل، سفارتی سنجیدگی اور توازن کا مظاہرہ کرتی ہیں، نہ کہ کسی ملک کے خاتمے کی زبان استعمال کرتی ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ بھارت کا بیانیہ علاقائی عدم استحکام، سرحد پار کارروائیوں اور منظم غلط معلوماتی مہمات سے جڑا ہوا ہے، جبکہ پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوششیں پہلے بھی ناکام ہو چکی ہیں۔

آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، تاہم کسی بھی جارحیت یا اشتعال انگیزی کا جواب مناسب اور مؤثر انداز میں دیا جائے گا۔

One thought on “بھارتی آرمی چیف کے بیان پر آئی ایس پی آر کا سخت ردعمل، پاکستان کو مٹانے کی دھمکی کو جنگی جنون قرار

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!