کراچی: سندھ پولیس کی جانب سے ماؤنٹینئرنگ ٹیم کے قیام کے لیے خصوصی ٹرائلز کا انعقاد کیا گیا، جس میں پولیس افسران اور اہلکاروں نے بھرپور حصہ لیا۔
ترجمان سندھ پولیس کے مطابق بین الاقوامی شہرت یافتہ کوہ پیما اسد علی میمن نے ابتدائی مرحلے میں سلیکشن ٹیم کی معاونت کرتے ہوئے امیدواروں کی فزیکل فٹنس اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ٹرائلز میں سندھ پولیس کے 60 افسران و اہلکاروں نے شرکت کی، جن میں سے 25 اہلکاروں کو شارٹ لسٹ کرلیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق منتخب اہلکاروں پر مشتمل سندھ پولیس ماؤنٹینئرنگ ٹیم کا باضابطہ نوٹیفکیشن جلد جاری کیا جائے گا۔
سندھ پولیس ماؤنٹینئرنگ ٹیم کے سرپرست ڈی آئی جی ٹریننگ سندھ فیض اللہ کوریجو نے ٹیم کے قیام، تربیتی امور اور سلیکشن کے عمل کی نگرانی کی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ماؤنٹینئرنگ ٹیم کے قیام کا مقصد پولیس اہلکاروں میں جسمانی فٹنس، پیشہ ورانہ مہارت اور چیلنجنگ حالات میں کام کرنے کی صلاحیت کو فروغ دینا ہے۔
