کراچی: ملائیشیا اور پاکستان کے درمیان دوستی اور تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کے ساتھ، کراچی میں ملائیشیا قونصلیٹ جنرل کی جانب سے منعقدہ "ملائیشیا چلو! ایجوکیشن اینڈ ٹورزم نمائش” کامیابی سے اختتام پذیر ہوگئی۔ یہ تین روزہ نمائش 13 سے 15 ستمبر 2024 تک ڈولمین مال، کلفٹن میں جاری رہی، جس نے ملائیشیا کے اعلیٰ تعلیمی مواقع، سیاحت کی سہولیات اور ثقافتی ورثے کو نمایاں کیا، اور عوام کی خاصی توجہ حاصل کی۔
جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کے لیے واٹر کارپوریشن کے فراہمی و نکاسی آب کے انتظامات مکمل
اس ایونٹ میں ملائیشیا کے 12 اہم تعلیمی ادارے شامل تھے، جنہوں نے پاکستانی طلباء اور خاندانوں کو ملائیشیا میں تعلیمی پروگراموں، وظائف اور دیگر مواقع کے بارے میں اہم معلومات فراہم کیں۔ اس کے علاوہ، ٹورازم ملائیشیا اور باٹک ایئر نے کراچی سے کوالالمپور کے لیے سفری سہولیات اور سستی پروازوں کے آپشنز پیش کیے۔
تقریب کے دوران ملائیشیا کی روایتی ثقافتی پرفارمنسز نے حاضرین کو مسحور کیا اور ملائیشیا کی ثقافتی رنگا رنگی کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ کراچی میں ملائیشیا کے قونصل جنرل، مسٹر ہرمن ہاردیناتا احمد نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے تمام شرکاء اور شراکت داروں کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس نمائش کا مقصد پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانا ہے، اور تعلیم و سیاحت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔
قونصل جنرل نے مزید کہا کہ ملائیشیا کو پاکستانی طلباء اور سیاحوں کے لیے ایک اہم مقام کے طور پر پیش کرنا فخر کی بات ہے۔ نمائش نے طلباء، خاندانوں، سیاحوں اور کاروباری برادری کے افراد کو ملائیشیا کے متنوع مواقع کو دریافت کرنے کا موقع فراہم کیا۔
ملائیشیا کا قونصلیٹ جنرل کراچی میں اس کامیاب تقریب کے انعقاد میں شامل تمام افراد کا شکریہ ادا کرتا ہے اور مستقبل میں مزید تقریبات کے انعقاد کی امید رکھتا ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکے۔