کراچی: سی ای او واٹر کارپوریشن انجینئر سید صلاح الدین احمد کی ہدایت پر شہر بھر میں جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ، منتخب عوامی نمائندوں اور متعلقہ اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون جاری ہے۔
اسٹیل ٹاؤن پولیس کی بڑی کاروائی، ایرانی ڈیزل اور پیٹرول کی اسمگلنگ میں ملوث ملزم گرفتار
ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق، ادارے کے حکام انجمن غلامان مصطفیٰ، پاکستان سنی تحریک اور اہلسنت والجماعت کے مرکزی رہنماؤں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ جشنِ میلاد النبی ﷺ کی مجالس اور جلوس کے راستوں پر موجود کھلے مین ہولز پر کورز اور رنگ سلیب نصب کیے گئے ہیں، اور سیوریج کے اوور فلو کا مکمل خاتمہ کیا گیا ہے۔ مرکزی شاہراہوں اور عوامی مقامات پر پانی کے رساؤ کو روک کر جلوس کے راستوں کو مکمل صاف کیا گیا ہے۔
مزید برآں، ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے مساجد اور جلوسوں کے راستوں پر پانی کی فراہمی کے لیے واٹر ٹینکرز بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔ سی ای او واٹر کارپوریشن نے کہا کہ جشنِ میلاد النبی ﷺ کی تعطیلات کے باوجود واٹر کارپوریشن کا عملہ ہائی الرٹ رہے گا، اور سکشن و جیٹنگ مشینری سمیت تمام آلات سڑکوں پر موجود رہیں گے۔
چیف انجینئر واٹر محمد علی شیخ، چیف انجینئر سیوریج آفتاب عالم چانڈیو، انچارج ہائیڈرنٹس سیل الٰہی بخش بھٹو اور فوکل پرسن شہباز بشیر تمام انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔ سی ای او واٹر کارپوریشن نے مزید کہا کہ جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کے بہترین انتظامات کرنا ایک عظیم سعادت ہے، اور اس میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔