وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار کی زیر صدارت صوبے میں امن و امان اور ٹریفک مینجمنٹ اینڈ ریگولیٹری سسٹم سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں جرائم کی روک تھام، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، پولیسنگ کے نظام میں بہتری اور ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کا قیام اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی بنیادی ترجیحات ہیں۔ پولیس جرائم کی روک تھام اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ پولیس گشت اور نگرانی کے نظام کو مزید فعال بنایا جائے تاکہ جرائم کی روک تھام اور شہریوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
پولیس 15 کو جدید بنانے کی ہدایت
ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ پولیس ایمرجنسی سروس 15 کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے تاکہ شہریوں کو زیادہ مؤثر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے شکایات کے فوری اندراج اور ان پر پولیس کے بروقت ردعمل کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
سیف سٹی منصوبہ دیگر اضلاع تک پھیلانے کا فیصلہ
وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ حکومت ٹریفک مینجمنٹ اور ریگولیٹری نظام کو بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ اس مقصد کے لیے جامع سفارشات تیار کی جائیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ سیف سٹی منصوبے کو کراچی کے ساتھ صوبے کے دیگر اضلاع تک بھی وسعت دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں ٹریفک کی بہتری کے لیے واضح اصول وضع کیے جائیں۔ ٹریفک سگنلز، چوراہوں اور جنکشنز پر ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو سہولت مل سکے۔
پولیسنگ نظام مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے، آئی جی سندھ
آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ صوبے میں امن و امان بہتر بنانے کے لیے پولیسنگ نظام کو مزید فعال اور مؤثر بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جرائم کی روک تھام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ پولیس 15 کو بھی جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔
آئی جی سندھ کے مطابق شہریوں کی شکایات پر فوری ردعمل، بروقت کارروائی اور متعلقہ اداروں کے درمیان بہتر رابطہ کاری یقینی بنائی جائے گی۔
اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی زبیر دریشک، ڈی آئی جی ٹریفک سید پیر محمد شاہ، ڈی آئی جی فنانس تنویر عالم اوڈھو، مختلف شعبوں کے ایڈیشنل آئی جیز اور فنانس، لاجسٹکس و ویلفیئر کے افسران سمیت دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔