کراچی (6 مئی 2026): ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے معروف سماجی رہنما شیما کرمانی اور انسانی حقوق کی خواتین کارکنوں کی گرفتاری اور مبینہ بدسلوکی کے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تین پولیس افسران کو معطل کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق ڈی ایس پی صدر ناصر آفریدی، ایس ایچ او وومن حنا مغل اور ایس ایچ او آرٹلری میدان ندیم حیدر کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی نے ہدایت کی ہے کہ واقعے کی مکمل، غیر جانبدار اور شفاف انکوائری کی جائے اور اگر کسی بھی سطح پر غفلت یا بدسلوکی ثابت ہو تو ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کے آئینی حقوق کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے تمام افسران کو اپنے پیشہ ورانہ رویے میں بہتری لانا ہوگی۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق اعلیٰ سطحی انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے اور تمام متعلقہ شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں تاکہ واقعے کی اصل حقیقت سامنے لائی جا سکے۔
