کراچی (6 مئی 2026): ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان کے احکامات پر ڈسٹرکٹ سینٹرل اور ویسٹ زون پولیس نے مختلف تھانوں کی حدود میں منشیات اور مضر صحت گٹکا ماوا کی فروخت و ترسیل کے خلاف بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
عوام دوست مویشی منڈی میں گہما گہمی عروج پر، قربانی کے جانوروں کی تعداد سوا لاکھ سے تجاوز
پولیس کے مطابق عزیز آباد، لیاقت آباد، نیو کراچی انڈسٹریل ایریا، حیدری مارکیٹ، تیموریہ، گلبرگ، رضویہ سوسائٹی اور بلال کالونی سمیت مختلف علاقوں میں خفیہ اطلاع پر کارروائیاں کی گئیں۔
تھانہ عزیز آباد میں دو ملزمان محمد کامران اور وسیم کو گرفتار کیا گیا جن سے 40 عدد گٹکا برآمد ہوا۔
تھانہ لیاقت آباد میں دو ملزمان انتظار خان اور ابراہیم سے 175 پڑیاں گٹکا ماوا برآمد کی گئیں۔
نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں دو ملزمان محمد طلحہ اور حسنین سے 75 پڑیاں گٹکا ماوا اور نقدی برآمد ہوئی۔
تھانہ حیدری مارکیٹ پولیس نے آئی آر لسٹ میں شامل ملزم ارباز عرف اربازی کو گرفتار کیا، جس کا سابقہ کرمنل ریکارڈ بھی موجود ہے۔
تھانہ تیموریہ میں منور شاہ کو 7 پیکٹس گٹکا سمیت گرفتار کیا گیا۔
تھانہ گلبرگ میں دو ملزمان جعفر اور کامران کو مضر صحت گٹکا ماوا کے ساتھ گرفتار کیا گیا۔
تھانہ رضویہ سوسائٹی میں تین مختلف کارروائیوں کے دوران تین ملزمان غفور، شہزیب اور صابر کو گرفتار کر کے بڑی مقدار میں گٹکا ماوا، نقدی اور دیگر ممنوعہ اشیاء برآمد کی گئیں۔
تھانہ بلال کالونی پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کیا جن کے قبضے سے 36 کلو چھالیہ برآمد ہوئی۔ مزید قانونی کارروائی کے لیے کسٹمز حکام کو مطلع کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق تمام گرفتار ملزمان کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ شہر بھر میں گٹکا ماوا اور مضر صحت اشیاء کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں۔
ترجمان ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس نے کہا ہے کہ عوامی صحت کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔
