کراچی (6 مئی 2026): ڈسٹرکٹ ایسٹ کے علاقے مبینہ ٹاؤن میں رات گئے اسپارکو روڈ کے قریب پولیس اور کار لفٹر گینگ کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے جبکہ ان کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس کے مطابق مبینہ ٹاؤن پولیس نے مشکوک کار کو رکنے کا اشارہ کیا تو گاڑی میں سوار ملزمان نے اچانک پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں دو ملزمان زخمی ہوئے جنہیں موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔
گرفتار ملزمان کی شناخت اختر حسین ولد عبداللہ اور رجب علی خان ولد علی مراد کے ناموں سے ہوئی ہے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے دو غیر قانونی پستول بمعہ ایمونیشن، موبائل فون، ویگن آر گاڑی، جعلی نمبر پلیٹس اور گاڑیوں کے تالے کھولنے والا خصوصی آلہ بھی برآمد کیا ہے۔
ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ کراچی کے سینٹرل علاقے سے 10 سے زائد گاڑیاں چوری کرنے میں ملوث رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق زخمی ملزمان کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ان کے خلاف ضابطے کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
ترجمان ایسٹ پولیس نے بتایا کہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں اور گروہ کے سابقہ کریمنل ریکارڈ کی بھی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شہر میں گاڑی چوری کی وارداتوں کے خاتمے کے لیے اس نوعیت کی کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔

