جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ وہ اس وقت ریاستی حصار میں ہیں اور ان کے کارکنوں کو ریاستی جبر کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ بار کے وکلا سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاہور کی سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں۔ راستے بند اور مختلف مقامات پر ناکے لگائے گئے ہیں۔
ان کے مطابق ایک شہری کو دانشوروں کی محفل میں شرکت سے روکا جا رہا ہے۔ ریاستی رکاوٹوں کے باعث وہ وکلا سے براہِ راست خطاب بھی نہیں کرسکے۔
جبر کے سامنے جھکنے کو تیار نہیں، فضل الرحمٰن
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ جبر کو کبھی دوام حاصل نہیں ہوتا، جبکہ صبر تاریخ میں ہمیشہ باقی رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جے یو آئی ملک میں امن کی داعی ہے۔ قیامِ امن کے لیے ہمیشہ قربانیاں دی ہیں۔ ہم کسی حکمران یا ریاستی ادارے سے وطن سے وفاداری کا سرٹیفکیٹ لینے نہیں آئے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ ہماری وفاداریاں شک و شبہ سے بالاتر ہیں۔ ان شاء اللہ سازشیں بے نقاب ہوں گی۔ جے یو آئی کا ہر کارکن استقامت کے ساتھ کھڑا ہے اور جبر کے سامنے سر جھکانے کو تیار نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے وطن سے محبت اور وفاداری کی ہے، لیکن کسی طاقتور کی غلامی قبول نہیں کی۔
26 نومبر کو سرگودھا میں کانفرنس کا اعلان
جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ 26 نومبر کو سرگودھا میں جماعت کی بڑی کانفرنس منعقد ہوگی۔ ان کے مطابق سرگودھا ڈویژن میں کارکنوں کو ریاستی جبر کا سامنا ہے۔
مولانا فضل الرحمٰن نے دعویٰ کیا کہ مقامی قائدین کے کاروبار بند کیے جا رہے ہیں اور دکانیں سیل کی جا رہی ہیں۔ بھکر، میانوالی، خوشاب اور سرگودھا میں کارکنوں کی گرفتاریاں اور ان کا تعاقب بھی کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ جے یو آئی ہر صورت سرگودھا کانفرنس منعقد کرے گی۔ انہوں نے عوام سے اجتماع میں شرکت اور اسے کامیاب بنانے کی اپیل کی۔
معدنی وسائل عوام کی ملکیت ہیں، فضل الرحمٰن
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ جے یو آئی عوام، پاکستان اور ریاست کے حقوق کا مقدمہ لڑ رہی ہے۔ اس وقت قومی و ملی وحدت کی ضرورت ہے اور ہر شہری کو اپنا فرض ادا کرنا چاہیے۔
ان کے مطابق ریاستی قوتوں کے رویے میں شدت اس وقت آئی جب جماعت نے قبائلی علاقوں میں معدنی ذخائر کے معاملے پر ان کا کردار بے نقاب کیا۔
انہوں نے کہا کہ جے یو آئی خیبرپختونخوا، بلوچستان، گوادر، سندھ، ساحلی علاقوں اور پنجاب کے عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ معدنی ذخائر عوام کی ملکیت ہیں، نہ کہ وفاق یا کسی ایک طاقتور ادارے کی۔ عوام کے وسائل لوٹنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جاسکتی۔
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ جماعت صبر کے ساتھ اپنے مؤقف پر قائم ہے اور استقامت کے ساتھ جدوجہد جاری رکھے گی۔