کراچی (اسٹاف رپورٹر) کیماڑی انویسٹیگیشن پولیس نے تکنیکی اور ہیومن انٹیلیجنس بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے بلدیہ ٹاؤن میں پیش آنے والے اندھے قتل کا معمہ حل کر لیا۔ کارروائی کے دوران قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
کراچی میں سالانہ جشنِ خواجہ غریب نواز مولیٰ علی المرتض کانفرنس، اولیاء کی تعلیمات اپنانے پر زور
ایس ایس پی انویسٹیگیشن کیماڑی توحید رحمان میمن کے مطابق گزشتہ ماہ بلدیہ کے علاقے میں واقع ایک لکڑی کے گودام سے 61 سالہ چوکیدار محمد علی کی لاش برآمد ہوئی تھی۔ مقتول کو سر اور چہرے پر بے رحمانہ وار کر کے قتل کیا گیا تھا۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ بلدیہ ٹاؤن میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا تھا۔
ایس ایس پی کے مطابق تفتیشی پولیس نے جدید تکنیکی ذرائع اور انسانی معلومات کی مدد سے کیس کی تفتیش آگے بڑھائی اور بالآخر قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت رفیق عرف دادا کے نام سے ہوئی ہے۔
ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ قتل کا محرک چوری میں رکاوٹ بنا۔ ملزم نشے کا عادی ہے اور گودام کے قریب فٹ پاتھ پر رہائش پذیر تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم گودام میں چوری کی وارداتوں میں ملوث رہا اور مبینہ طور پر چوری کے دوران مزاحمت پر چوکیدار کو قتل کر دیا۔
ایس ایس پی توحید رحمان میمن کا کہنا ہے کہ ملزم واردات کے بعد روپوش ہو گیا تھا، تاہم اب اسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش اور ممکنہ ساتھیوں کے بارے میں انٹیروگیشن کا عمل جاری ہے۔
