کراچی پولیس: ہل پارک کے قریب مبینہ مقابلے میں دو مشتبہ ڈاکو ہلاک، بھاری وارداتوں میں ملوث ہونے کا دعویٰ

کراچی کے علاقے ہل پارک کے قریب پولیس مقابلے میں دو مشتبہ ڈاکو ہلاک ہوگئے۔ ایسٹ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزمان فشری میں ایک کروڑ 55 لاکھ روپے اور فیروزآباد میں 78 لاکھ روپے کی ڈکیتی سمیت شہر میں متعدد بڑی وارداتوں میں مبینہ طور پر ملوث تھے۔

ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس کے مطابق 23 اکتوبر کو فیروزآباد پولیس اور شاہین فورس نے شہیدِ ملت روڈ پر ہل پارک کے قریب کارروائی کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اہلکاروں کو دیکھتے ہی مسلح ملزمان نے فائرنگ شروع کردی، جس کے بعد پولیس نے جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں دونوں ملزمان ہلاک ہوگئے۔

پولیس نے ہلاک ملزمان کی شناخت صابر ولد عبدالحق اور شعیب ولد شفیع کے نام سے کی ہے۔

ڈکیتی اور کار چھیننے کی وارداتوں میں ملوث ہونے کا دعویٰ

ایسٹ پولیس کے مطابق ہلاک ملزمان کراچی میں ہونے والی متعدد بڑی ڈکیتیوں میں مبینہ طور پر ملوث تھے۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ ان کا گینگ شہر میں ڈکیتیوں اور گاڑیاں چھیننے کی وارداتوں میں سرگرم تھا۔

پولیس کے مطابق ملزمان فشری کے علاقے میں ایک کروڑ 55 لاکھ روپے جبکہ فیروزآباد میں 78 لاکھ روپے کی ڈکیتی میں بھی ملوث تھے۔

اسلحہ، کار جیمر اور موبائل فون برآمد

پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزمان کے قبضے سے دو نائن ایم ایم پستول، ایک کار جیمر، موبائل فونز اور ایک موٹرسائیکل برآمد ہوئی ہے۔

پولیس نے مزید دعویٰ کیا کہ ہلاک ملزم صابر محمودآباد کے علاقے میں اپنی سالی کے قتل کے مقدمے میں بھی ملوث تھا۔

مزید تفتیش جاری

پولیس کے مطابق دونوں ملزمان کی لاشیں ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔ ہلاک ملزمان کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے، جبکہ ان کے خلاف درج مقدمات اور دیگر ممکنہ وارداتوں میں ملوث ہونے سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!