کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایکسپو سینٹر کراچی میں دوسرے پاکستان انٹرنیشنل ڈیٹ پام شو کا رنگا رنگ آغاز ہوگیا، جس میں پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک کے نمائندے، سفارتکار اور کاروباری شخصیات شریک ہوئے۔ اس سال کے شو میں 50 پاکستانی اور 20 سے زائد غیر ملکی نمائش کنندگان شریک ہیں جن کا تعلق مصر، اردن، متحدہ عرب امارات اور دیگر کھجور پیدا کرنے والے ممالک سے ہے۔
وزیر دفاع کا نیول ہیڈ کوارٹرز کا دورہ، علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی اور پاک بحریہ کی تیاریوں پر بریفنگ
قونصل جنرل متحدہ عرب امارات بخیت عتیق الرومیتی نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں کھجور کی اعلیٰ اقسام موجود ہیں اور جدید ٹیکنالوجی و پیکیجنگ اپنانے سے ان کی عالمی برآمدات میں نمایاں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کاشتکار یو اے ای کے ماہرین کے تجربات سے استفادہ کریں تاکہ عالمی منڈیوں میں پاکستانی کھجور کی طلب مزید بڑھے۔
صوبائی وزیر سندھ سعید غنی نے کہا کہ سندھ پاکستان کا سب سے بڑا کھجور پیدا کرنے والا صوبہ ہے، اور حکومت کاشتکاروں کو سہولتیں فراہم کرنے کے ساتھ برآمدات کے فروغ کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔
ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) کے چیف ایگزیکٹو فیض احمد اور سیکریٹری شیریار تاج نے کہا کہ یہ شو عالمی منڈیوں تک رسائی اور زرعی شعبے میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع فراہم کرے گا۔ تین روزہ ایونٹ میں بزنس ٹو بزنس ملاقاتیں، تکنیکی سیشنز اور بین الاقوامی پویلین بھی شامل ہیں۔

