کراچی کے علاقے طارق روڈ پر موٹر سائیکل سوار مسلح ڈاکو جیولر کے ملازمین سے کروڑوں روپے مالیت کا سونا اور چاندی لوٹ کر فرار ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق واردات فیروز آباد کے علاقے طارق روڈ اللہ والا چورنگی کے قریب پیش آئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔
ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ایسٹ زبیر نواز شیخ نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش میں جیولر نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ ان کا رائیڈر صدر سے 82 تولہ سونا اور 4 کلو چاندی لے کر طارق روڈ پر واقع دکان آرہا تھا۔
ڈاکو تعاقب کرکے لوٹ مار کے بعد فرار
ایس ایچ او فیروز آباد انعام جونیجو کے مطابق موتی والا جیولو نامی جیولری شاپ کے ملازمین صدر سے شاپر میں سونا اور چاندی لے کر آرہے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ شارع قائدین سروس پر تعاقب میں آنے والے ڈاکوؤں نے ملازمین سے سونا اور چاندی چھین لیا اور فرار ہوگئے۔
پولیس کی سی سی ٹی وی فوٹیجز سے ملزمان کی تلاش
پولیس جائے وقوعہ سے سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کررہی ہے۔ ان کی مدد سے ڈاکوؤں کی شناخت اور فرار کے راستوں کا تعین کیا جائے گا۔
پولیس حکام کے مطابق فوٹیجز کی مدد سے ملزمان کا روٹ میپ بھی تیار کیا جائے گا۔ واردات کی مزید تفتیش جاری ہے۔