کراچی: ایس ایچ او قائدآباد انسپکٹر رانا خوشی کی قیادت میں پولیس نے دو الگ الگ کامیاب کارروائیوں میں منشیات فروشی اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ببرلو بائے پاس دھرنا — وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار کی مظاہرین سے اپیل
تفصیلات کے مطابق قائدآباد پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے چاول گودام موڑ کے قریب سے ایک ملزم کو گرفتار کیا۔
گرفتار ملزم امجد کے قبضے سے 2 کلو 520 گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس اور منشیات فروخت سے حاصل کردہ رقم برآمد کی گئی۔ پولیس حکام کے مطابق ملزم علاقے میں منشیات کی فروخت میں ملوث تھا۔
دوسری کارروائی میں قائدآباد پولیس نے شیرپاؤ مولا مدد قبرستان کے قریب ایک مشکوک شخص کو روکا، تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے 30 بور کا پسٹل بمعہ راؤنڈز برآمد ہوا۔
گرفتار ملزم کی شناخت ندیم ولد عبدالستار کے نام سے کی گئی ہے۔
دونوں گرفتار ملزمان کے خلاف منشیات ایکٹ اور سندھ آرمز ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزمان کا مزید کرمنل ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے اور انہیں مزید تفتیش کے لیے شعبہ تفتیش کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ایس ایچ او انسپکٹر رانا خوشی نے کہا کہ قائدآباد پولیس علاقے کو جرائم سے پاک کرنے کے لیے بھرپور کارروائیاں جاری رکھے گی۔

