کراچی: وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے ببرلو بائے پاس پر دھرنے میں شریک مظاہرین سے گفتگو کرتے ہوئے پرامن طریقے سے دھرنا ختم کرنے کی اپیل کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دھرنے کے باعث سندھ سمیت ملک بھر کے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، مسافر خواتین، بچے، بزرگ اور دیگر شہری پریشان ہیں، اس لیے مظاہرین ازخود سڑکیں کھول کر عوام کو ریلیف دیں۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر ان سے منسوب منفی باتیں پھیلائی جا رہی ہیں، جو سراسر غلط ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ سوشل میڈیا پر گمراہ کن اور غلط معلومات کو نہ پھیلایا جائے۔
ضیاء الحسن لنجار نے دھرنے کے شرکاء کو یقین دہانی کرائی کہ مجوزہ کینال منصوبہ اب مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے اور اس پر مزید کوئی کام نہیں ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی کینالز کے سخت خلاف ہیں، اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کے عوام کا مقدمہ جیت لیا ہے۔
وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ دھرنے کے خاتمے کے لیے طاقت کے استعمال کا کوئی آپشن زیر غور نہیں، حکومت مسئلے کو پرامن طریقے سے حل کرنا چاہتی ہے۔
انہوں نے وکلاء اور دیگر شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ سڑکیں کھول کر عوام کی مشکلات میں کمی لائیں۔