کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے منشیات کے ایک منظم نیٹ ورک کے خلاف اہم کامیابی حاصل کی ہے۔
موچکو چیک پوسٹ پر اسمگلنگ کی کوشش ناکام، چھالیہ اور گٹکا ماوا برآمد، 2 ملزمان گرفتار
پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران انتہائی مطلوب منشیات فروش شیریں عرف شرینہ کو اس کے دو بیٹوں سمیت کامران چورنگی کے قریب سے گرفتار کیا گیا۔ ملزمہ پر ہیروئن، چرس اور دیگر منشیات کی فروخت اور سپلائی کا الزام ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمہ ماضی میں سہراب گوٹھ میں منشیات کا بڑا اڈہ چلاتی رہی ہے اور پولیس کارروائیوں کے بعد گلستانِ جوہر منتقل ہو گئی تھی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق وہ اپنے فلیٹ سے منشیات کی سپلائی کا نیٹ ورک چلا رہی تھی، جہاں سے مختلف علاقوں میں منشیات کی ترسیل کی جاتی تھی۔
پولیس کے مطابق ملزمہ اور اس کے خاندان کے دیگر افراد بھی متعدد مقدمات میں نامزد ہیں اور اس گروہ کے خلاف پہلے بھی کارروائیاں کی جا چکی ہیں۔
گرفتار ملزمہ اور اس کے ساتھیوں سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ نیٹ ورک کے دیگر ارکان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
