کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے چین کے قونصل جنرل یانگ یونڈونگ نے الوداعی ملاقات کی، جس میں پاکستان اور چین کے 75 سالہ سفارتی تعلقات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
ہل پارک میں مبینہ غیر قانونی تعمیرات، جماعت اسلامی سندھ ہائی کورٹ پہنچ گئی
ملاقات میں ڈپٹی قونصل جنرل مسٹر شینگ اور وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری آغا واصف عباس بھی شریک تھے۔
دونوں رہنماؤں نے پاک چین تعلقات کی مضبوطی، باہمی تعاون اور خطے میں مشترکہ ترقی کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے سبکدوش ہونے والے چینی قونصل جنرل کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ اور چین کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور ترقیاتی تعاون میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور صوبائی حکومت چینی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتی ہے۔
چینی قونصل جنرل یانگ یونڈونگ نے اپنے دورِ تعیناتی کے دوران ملنے والی حمایت اور تعاون پر وزیراعلیٰ سندھ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سندھ میں قیام کے دوران محبت اور مہمان نوازی ہمیشہ یاد رہے گی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، اقتصادی تعاون اور مستقبل کی شراکت داری پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے سبکدوش ہونے والے قونصل جنرل کو اجرک اور سندھی ٹوپی کا تحفہ پیش کیا۔
