ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن ڈاکٹر مقصود احمد نے جدید پولیسنگ اور تربیتی معیار کو بہتر بنانے کے لیے “سیکیورٹی ٹریننگ ہینڈ بک (جلد اول)” باضابطہ طور پر جاری کر دی۔
Monday, 25th May 2026
یہ جامع ہینڈ بک اسپیشل سیکیورٹی یونٹ (SSU) کی جانب سے تیار کی گئی ہے، جس کا مقصد ٹیکٹیکل یونٹس، ایمرجنسی رسپانڈرز، سائبر ماہرین اور دیگر سیکیورٹی اہلکاروں کی پیشہ ورانہ تربیت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔
ہینڈ بک کا آغاز صدر مملکت آصف علی زرداری کو پیش کر کے کیا گیا، جسے ملک میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تربیت کے معیار کو بین الاقوامی سطح تک بہتر بنانے کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
ڈی آئی جی سیکیورٹی ڈاکٹر مقصود احمد کے مطابق موجودہ سیکیورٹی چیلنجز کے پیش نظر پولیسنگ کے نظام میں تکنیکی اور حکمت عملی کی بنیاد پر اصلاحات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی، سائبر کرائم، ہنگامی حالات اور وی وی آئی پی سیکیورٹی جیسے معاملات کے مؤثر حل کے لیے جدید تربیت ضروری ہے۔
ہینڈ بک میں ٹیکٹیکل ریڈیو کمیونیکیشن، موٹر ڈرائیونگ، اسلحے کا استعمال، IEDs کا تدارک، پروٹیکٹو سیکیورٹی، موٹرکیڈ آپریشنز، انسداد دہشت گردی حکمت عملی، سائبر سیکیورٹی اور جدید سیکیورٹی ٹیکنالوجیز جیسے اہم موضوعات شامل ہیں۔
اس دستاویز میں معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (SOPs)، حقیقی کیس اسٹڈیز اور بین الاقوامی سیکیورٹی اصولوں کو پاکستان کے حالات کے مطابق ڈھالا گیا ہے۔ منصوبے کی تیاری میں سینئر پولیس افسران، فوجی ماہرین اور سیکیورٹی انسٹرکٹرز نے بھی حصہ لیا۔
ہینڈ بک کو ملک بھر کے پولیس ٹریننگ اداروں اور سیکیورٹی اکیڈمیز میں رہنمائی اور تربیت کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

