کراچی: کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے مبینہ بدعنوانی اور قواعد کی خلاف ورزی کے الزامات پر جمشید ٹاؤن (واٹر) میں تعینات بیل دار محمد جنید صدیقی کے خلاف باقاعدہ انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
کراچی: ایس بی سی اے کا تعمیراتی پرمٹ سسٹم میں انقلابی ڈیجیٹل اصلاحات کا اعلان، ون ونڈو نظام متعارف
ترجمان کے مطابق ادارے کی جانب سے نظم و ضبط، شفافیت اور عوامی خدمات کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے یہ اقدام کیا گیا ہے۔ کمیٹی کے چیئرمین اسد اللہ خان جبکہ ممبران میں مرزا محمد نیئر اور خرم شہزاد (ممبر/سیکرٹری) شامل ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ ملازم پر غیر مجاز سیاسی سرگرمیوں میں شرکت، ہڑتال میں حصہ لینے، عوامی خدمات میں رکاوٹ ڈالنے، ادارہ جاتی نظم و ضبط متاثر کرنے اور سرکاری فرائض میں مداخلت جیسے الزامات ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق انکوائری کمیٹی تمام شواہد، دستاویزات اور متعلقہ افسران و گواہان کے بیانات کا جائزہ لے کر مقررہ مدت میں اپنی سفارشات پیش کرے گی۔
مزید کہا گیا ہے کہ کارروائی مکمل طور پر قانون، شفافیت اور انصاف کے اصولوں کے تحت کی جا رہی ہے اور متعلقہ ملازم کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا مکمل حق حاصل ہوگا۔
کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے واضح کیا ہے کہ ادارے میں نظم و ضبط اور عوامی خدمات کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ یا خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔
