کراچی (18 مئی 2026): نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کے وفد نے حروں کے روحانی پیشوا اور پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر صاحب پگاڑا سے اہم اور تفصیلی ملاقات کی، جس میں سندھ کی مجموعی سیاسی، معاشی اور امن و امان کی صورتحال پر جامع تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وفد میں نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کے رہنما محمود مولوی، فواد چوہدری اور عمران اسماعیل شامل تھے، جبکہ دیگر سینئر سیاسی شخصیات میں بیرسٹر سیف، سینیٹر شہزاد وسیم، محمد علی درانی اور عباس جعفری بھی شریک ہوئے۔
ملاقات کے دوران صوبے کو درپیش مسائل، عوامی مشکلات، گورننس کے چیلنجز، سیاسی استحکام اور قومی ہم آہنگی کے فروغ پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ دونوں جانب سے اس بات پر زور دیا گیا کہ موجودہ حالات میں قومی اتفاقِ رائے اور باہمی مشاورت انتہائی ضروری ہے تاکہ سیاسی کشیدگی کم ہو اور عوامی مسائل کے حل کی جانب پیش رفت ممکن ہو سکے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی اور فریقین نے آئندہ بھی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

