ٹاسک فورس حیدرآباد نے تعلیمی اداروں میں منشیات کی سپلائی میں ملوث ایک بدنام زمانہ لیڈی منشیات فروش کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں چرس اور ہیروئن برآمد کرلی ہے۔
ایف آئی اے امیگریشن کراچی کی بڑی کارروائی، جعلی ویزا اور غیر قانونی امیگریشن نیٹ ورک میں ملوث ٹریول ایجنٹ گرفتار، مسافر آف لوڈ
ڈی آئی جی حیدرآباد طارق رزاق خان دھاریجو اور ایس ایس پی حیدرآباد شاہزیب چاچڑ کی ہدایات پر ٹاسک فورس انچارج زین رضا بلوچ نے ایس ایچ او ہتڑی اسلم بلو کے ہمراہ کارروائی کی۔
پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران ملزمہ امبرین عرف گڈی چانڈیو، ساکن علی آباد کالونی حیدرآباد، کے قبضے سے 3090 گرام چرس اور 23.97 گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔
حکام کے مطابق ملزمہ کے خلاف مقدمہ نمبر 152/2026 اور 153/2026 درج کر لیے گئے ہیں، جو سی این ایس ایکٹ 2024 کی مختلف دفعات کے تحت قائم کیے گئے ہیں۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق گرفتار ملزمہ کے خلاف حیدرآباد کے مختلف تھانوں اور ایکسائز نارکوٹکس میں پہلے سے 6 مقدمات درج ہیں۔
ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزمہ تعلیمی اداروں کے اطراف منشیات کی فروخت میں ملوث رہی ہے، تاہم مزید تفتیش جاری ہے تاکہ نیٹ ورک کے دیگر عناصر کو بھی بے نقاب کیا جا سکے۔
ایس ایس پی حیدرآباد شاہزیب چاچڑ نے کہا ہے کہ منشیات فروشوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور معاشرے کو اس لعنت سے پاک کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
