اسلام آباد: پاکستان نے افغان صوبے نورستان میں جھڑپوں سے متعلق افغان طالبان حکومت کے الزامات مسترد کردیے ہیں۔
وزارت اطلاعات و نشریات نے کہا ہے کہ پاکستان کا نورستان یا افغانستان میں کسی داخلی جھڑپ سے کوئی تعلق نہیں۔
وزارت کے مطابق پاکستانی سیکیورٹی فورسز اور انٹیلی جنس اداروں کے ملوث ہونے کے دعوے بے بنیاد ہیں۔ سابق افغان اہلکاروں کی بھرتی یا تربیت کے الزامات بھی مسترد کیے گئے ہیں۔
پاکستان نے الزامات کا ثبوت مانگ لیا
وزارت اطلاعات کے مطابق پاکستان کے ملوث ہونے کا کوئی قابل تصدیق ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ الزامات کے حق میں شناخت، دستاویزات، مواصلاتی ریکارڈ یا فرانزک شواہد فراہم نہیں کیے گئے۔
وزارت نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی مبینہ ویڈیو کو بھی پاکستان سے تعلق کا ثبوت ماننے سے انکار کیا۔
منگھوپیر فٹبال ٹورنامنٹ 2026 کا شاندار آغاز
افغانستان میں دہشت گرد گروہوں کا معاملہ
وزارت اطلاعات نے داعش سمیت دیگر دہشت گرد گروہوں کی سہولت کاری کے الزامات بھی مسترد کردیے۔
پاکستان نے کہا ہے کہ افغان سرزمین پر سرگرم دہشت گرد گروہ پاکستان اور خطے کی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔
وزارت نے افغان طالبان حکومت پر زور دیا کہ وہ اپنی داخلی سلامتی کے مسائل کی ذمہ داری پاکستان پر ڈالنے کے بجائے دہشت گرد تنظیموں کے خلاف قابل تصدیق کارروائی کرے۔
نورستان میں 28 جنگجوؤں کی ہلاکت کا افغان دعویٰ
افغان وزارت دفاع کے مطابق نورستان کے ضلع کامدیش میں کارروائی کے دوران 28 جنگجو ہلاک اور 32 زخمی ہوئے۔
افغان حکام نے دعویٰ کیا کہ گروہ میں داعش کے ارکان اور سابق افغان حکومت کے سیکیورٹی اہلکار شامل تھے۔ افغانستان نے پاکستان پر ان افراد کی معاونت کا الزام بھی عائد کیا ہے۔
پاکستان نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان دعووں کی آزادانہ تصدیق کے لیے شواہد پیش نہیں کیے گئے۔