شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشنز، 16 خوارج ہلاک، 2 جوان شہید

شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 16 خوارج ہلاک ہوگئے۔ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے دو جوان شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علی خیل میں دو افغان باشندوں سمیت 12 خوارج مارے گئے۔ میر علی اور دتہ خیل میں بھی دو، دو خوارج ہلاک کیے گئے۔

آپریشنز کے دوران ہلاک خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔

فائرنگ کے تبادلے میں دو جوان شہید

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں حوالدار عصمت علی اور نائیک آفتاب علی نے جامِ شہادت نوش کیا۔

شہید حوالدار عصمت علی کا تعلق صوابی سے تھا۔ نائیک آفتاب علی کا تعلق مردان سے تھا۔

علاقے میں باقی ماندہ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری رہیں گے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔

صدر مملکت کا سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

صدر مملکت آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان میں کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

صدر نے کہا کہ قوم اپنے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ حوالدار عصمت علی اور نائیک آفتاب علی کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرپرستی میں جاری دہشت گردی کے خلاف عزمِ استحکام کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ کارروائیاں پوری طاقت سے جاری رکھنے کا عزم ہے۔

وزیراعظم کا دہشت گردی کے مکمل خاتمے کا عزم

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوت اور ثابت قدمی سے جاری رہے گی۔

وزیراعظم کے مطابق عزمِ استحکام کے وژن کے تحت دہشت گردی کا ناسور جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پوری قوم اور تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!