موبائل فون اسمگلنگ کی ایک مبینہ کوشش پاکستان کسٹمز نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ناکام بنا دی، جہاں دبئی سے آنے والی پرواز سے ایک کروڑ 20 لاکھ روپے مالیت کے موبائل فونز اور دیگر الیکٹرانک مصنوعات برآمد کر لی گئیں۔
کسٹمز حکام کے مطابق 6 جولائی کی شب تقریباً 12:20 بجے دبئی سے آنے والی ایئر بلیو کی پرواز PA-111 کی پری اسکیننگ کے دوران دو مشکوک سوٹ کیسز کی نشاندہی ہوئی، جن میں الیکٹرانک مصنوعات موجود ہونے کا شبہ تھا۔
حکام نے سوٹ کیسز کی تلاشی لی تو ان میں سے چار آئی فون 17 پرو میکس، 10 میک بک پرو اور میک بک ایئر، آٹھ آئی پیڈز، 16 جدید ایپل واچز، متعدد میگ سیف چارجرز اور 21 پرفیومز برآمد ہوئے۔
کسٹمز کے مطابق برآمد ہونے والی اشیا کی مجموعی مالیت تقریباً ایک کروڑ 20 لاکھ روپے ہے۔ حکام نے کسٹمز ایکٹ 1969 کے تحت مقدمہ درج کر کے تمام برآمد شدہ سامان ضبط کر لیا ہے، جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔