کراچی: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو نیہا شاہ کی صدارت میں محکمہ اوقاف، ٹریفک پولیس، صوبائی ٹوبیکو کنٹرول سیل کے کوآرڈینیٹر تنویر قائم خانی، سندھ فوڈ اتھارٹی کے فوکل پرسن توقیر احمد، ڈی ای او پرائمری و سیکنڈری، سرکاری کالجوں اور اسکولوں کے ایڈمنسٹریٹرز نے عالمی یومِ تمباکو نوشی (31 مئی) کی تیاریوں اور مرکزی ضلع میں نو ٹوبیکو زون کے قیام سے متعلق اجلاس منعقد کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ کی صدارت میں “سندھ انوویٹو اسٹارٹ اپ ایگزیبیشن 2025ء” کا شاندار آغاز
اس اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون ضلع وسطی عاصم عباسی نے سابقہ اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ ریسٹورنٹس، شاپنگ مالز اور تعلیمی اداروں میں ترجیحی بنیادوں پر نو ٹوبیکو پالیسی نافذ کی جائے۔ انہوں نے ورلڈ ٹوبیکو ڈے کے موقع پر عوامی آگاہی مہم، سیمینارز اور تقریبات کے ذریعے تمباکو کے مضر اثرات سے متعلق شعور اجاگر کرنے پر زور دیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ
ٹریفک پولیس بسوں میں سگریٹ نوشی کرنے والے مسافروں کو بس سے اتاریں اور ڈرائیورز کا چالان کیا جائے۔
صوبائی ٹوبیکو کنٹرول سیل ہسپتالوں اور کلینکس کا دورہ کر کے جامع رپورٹ پیش کرے۔
فوڈ انسپکٹرز، ٹاؤن چیئرمینز اور میونسپل کمشنرز سے ملاقاتیں کر کے عوامی مقامات، ہوٹلز، اسکولز، کالجز اور اسپورٹس ایریاز کو نو ٹوبیکو زون قرار دیا جائے۔
ویپ شاپس کی بڑھتی تعداد کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں۔
صوبائی کوآرڈینیٹر تنویر قائم خانی نے کہا کہ ضلع وسطی میں بہترین اسموکنگ فری زون کا ماڈل پیش کیا گیا ہے اور پورے کراچی کو اس ماڈل پر چلانے کا عزم ہے۔