کراچی (اسٹاف رپورٹر) — ویسٹ زون میں تھانہ اورنگی پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے انتہائی مطلوب منشیات فروش کو گرفتار کرلیا۔ ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق پولیس نے اورنگی ٹاؤن سیکٹر 12/L میں کارروائی کے دوران ملزم عارف ولد فیاض کو گرفتار کیا۔
قائدآباد میں ہوائی فائرنگ: پولیس کی بروقت کارروائی، چھ ملزمان گرفتار
ایس ایس پی ویسٹ کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کا نام منشیات فروشوں کی انتہائی مطلوب فہرست میں شامل تھا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے 520 گرام چرس اور منشیات فروشی سے حاصل شدہ رقم برآمد کرلی ہے۔
ملزم کے خلاف کنٹرول آف نارکوٹکس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ مزید تفتیش جاری ہے۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزم پہلے بھی مقدمہ الزام نمبر 163/2025 میں تھانہ اورنگی سے گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے۔
ایس ایس پی ویسٹ نے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے، اور ایسے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔