کراچی (اسٹاف رپورٹر) — ڈسٹرکٹ سٹی کے تھانہ میٹھادر کی حدود میں پولیس نے موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث پانچ رکنی گروہ کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار کیے گئے ملزمان سے چھ چوری شدہ موٹر سائیکلیں اور آٹھ موٹر سائیکل چیسس برآمد کیے گئے ہیں۔
اورنگی پولیس کی کارروائی، انتہائی مطلوب منشیات فروش گرفتار
پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان کی شناخت دانش، علی حسن، جواد، شمس الدین اور محمد عامر کے ناموں سے ہوئی ہے۔ گرفتاریاں ایس ڈی پی او کھارادر کی نگرانی میں انٹیلیجنس بیسڈ ٹارگٹڈ کارروائی کے دوران عمل میں آئیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گروہ کا سرغنہ دانش ہے، جو پارکنگ ایریاز سے موٹر سائیکلیں چوری کرواتا تھا۔ گرفتار ملزمان چوری شدہ گاڑیوں کے "رننگ پیپرز” تیار کروا کر انہیں فروخت کیا کرتے تھے، جب کہ بعض اوقات ان کے پارٹس الگ کر کے بھی بیچ دیے جاتے تھے۔
برآمد ہونے والی ایک موٹر سائیکل نمبری KBN-0965 کا مقدمہ الزام نمبر 47/2025 بجرم دفعہ 381-A تھانہ میٹھادر میں درج ہے۔ دیگر چوری شدہ موٹر سائیکلوں سے متعلق معلومات جمع کی جا رہی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ گروہ شہر کے مختلف علاقوں میں وارداتیں کرتا رہا ہے اور تمام ملزمان عادی اور پیشہ ور مجرم ہیں۔ گرفتار افراد کو مزید قانونی کارروائی کے لیے اے وی ایل سی (AVLC) کے حوالے کر دیا گیا ہے۔