ریاض (نمائندہ خصوصی) – سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان اور بھارت کے درمیان سیز فائر کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کا آغاز ہونا چاہیے تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔
یہ بات انہوں نے ریاض میں خلیجی تعاون تنظیم (GCC) کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کے دوران کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں امن کے قیام کے لیے امریکی صدر کی کوششیں بھی قابلِ ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جی سی سی ممالک خطے میں امن کے خواہاں ہیں اور خاص طور پر غزہ میں فوری جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیا۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اجلاس سے خطاب میں کہا کہ ہمیں خطے کو شرپسند عناصر سے پاک کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ غزہ، شام، اور ایران کے حوالے سے امریکہ کی پالیسی امن پر مبنی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل نہیں کر سکتا اور امریکہ اس سلسلے میں ہر ممکن کوشش کرے گا۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ ان کی انتظامیہ یرغمالیوں کی رہائی کو غزہ میں امن کی بنیادی شرط سمجھتی ہے۔ انہوں نے حوثی باغیوں کے حملے بند کرنے کو مثبت پیش رفت قرار دیا اور کہا کہ خطے میں شدت پسند گروپوں کی سرگرمیوں کو روکنا ناگزیر ہے۔
اجلاس کے دوران جی سی سی اور امریکہ کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر بھی زور دیا گیا۔