دوحہ (عرب میڈیا) – قطر اور امریکہ کے درمیان بوئنگ طیاروں کی خریداری سمیت مختلف تجارتی اور دفاعی معاہدوں پر دستخط کیے گئے ہیں، جنہیں دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے اسٹریٹیجک تعلقات کا مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔
سعودی ولی عہد کا پاکستان-بھارت سیز فائر کا خیرمقدم، خطے میں امن و استحکام پر زور
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب کے بعد قطر کا دورہ کیا جہاں امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے ان کا شاندار استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن، اسرائیل سے تعلقات کی بحالی، اور یوکرین و ایران کی صورتحال جیسے اہم عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے بعد فریقین نے معاشی تعاون میں اضافے پر اتفاق کرتے ہوئے کئی معاہدوں پر دستخط کیے۔ ان میں بوئنگ کمپنی سے طیاروں کی خریداری کا معاہدہ بھی شامل ہے، جسے کمپنی کی تاریخ کا سب سے بڑا آرڈر قرار دیا جا رہا ہے۔
اسی دوران امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے قطر کے ساتھ دفاعی شعبے میں تعاون سے متعلق Letter of Intent پر دستخط کیے۔ صدر ٹرمپ نے اسے امریکا-قطر دفاعی اتحاد کی ایک بڑی پیش رفت قرار دیا۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا:
"ہم نے دنیا کے اہم معاملات، یوکرین کی جنگ اور ایران سے متعلق مخصوص صورتحال پر تفصیلی بات کی۔ میرا یقین ہے کہ یہ تمام امور مثبت انداز میں حل ہوں گے۔”
امیر قطر کا کہنا تھا کہ:
"صدر ٹرمپ کے ساتھ ملاقات انتہائی خوشگوار رہی اور مجھے یقین ہے کہ قطر اور امریکہ کے تعلقات ایک نئے اور مضبوط مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں۔”
ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعاون کے حوالے سے ایک مشترکہ اعلامیے پر دستخط کیے۔