کراچی: ایکسائز اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈسٹرکٹ کورنگی کی ٹیم نے وزیر انسداد منشیات مکیش کمار چاولہ، سیکریٹری ایکسائز سلیم راجپوت، ڈی جی نارکوٹکس اورنگزیب اکبر پہنور، ڈائریکٹر نارکوٹکس کراچی ریاض حسین کھوسہ اور ونگ انچارج خواجہ محمد وسیم کی خصوصی ہدایت پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے کورنگی نمبر 4 کے علاقے، رضا مسجد کے قریب سے منشیات اسمگلر کو گرفتار کر لیا۔
گرفتار ملزم کی شناخت نعمان ولد امتیاز علی کے نام سے ہوئی ہے جس کے قبضے سے 10 کلو 430 گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کر لی گئی ہے۔ حکام کے مطابق ملزم برآمد شدہ چرس کراچی کے پوش علاقوں میں فروخت کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔
نارکوٹکس ٹیم کے مطابق ملزم نے ابتدائی تفتیش میں انکشاف کیا ہے کہ اس کے دیگر ساتھی بھی اس نیٹ ورک میں شامل ہیں۔ تفتیش کا عمل جاری ہے اور مزید گرفتاریوں کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔ خواجہ محمد وسیم کے مطابق ملزم کا تعلق ایک منظم انٹرنیشنل اسمگلنگ گروہ سے ہے جو پاکستان سے بیرونِ ملک منشیات کی ترسیل میں ملوث ہے۔
ملزم کے خلاف مقدمہ الزام نمبر 06/2025 درج کر لیا گیا ہے، جبکہ اس کا کرمنل ریکارڈ بھی حاصل کر لیا گیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ نعمان ایک عادی مجرم ہے اور اس سے قبل بھی متعدد بار جیل جا چکا ہے۔
پولیس نے عدالت سے ریمانڈ حاصل کر لیا ہے اور اب ملزم کے انکشافات کی روشنی میں دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
صوبائی وزیر مکیش کمار چاولہ کا کہنا ہے کہ نوجوان نسل کو منشیات کے ناسور سے بچانا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے اور ایسے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔