ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی طحہ سلیم نے اسسٹنٹ کمشنر احمد مرتضیٰ کے ہمراہ سمن آباد گلبرگ کی مارکیٹوں کا دورہ کیا اور اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران گراسری شاپس، فروٹ مارکیٹ، آٹے کی چکیوں اور دیگر اسٹالز پر قیمتوں کی جانچ پڑتال کی گئی۔
قیمتوں میں خلاف ورزی پر کارروائی کرتے ہوئے تین گراں فروشوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ متعدد منافع خوروں کو چالان کیا گیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طحہ سلیم نے کہا کہ ماہِ رمضان میں عوام کو ریلیف فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ کمشنر کراچی کی ہدایت پر تمام اسسٹنٹ کمشنرز فیلڈ میں موجود ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر پرائس چیکنگ جاری ہے۔ ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے اور کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے خبردار کیا کہ سبزی، پھل، دالیں اور چینی کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ چینی سمیت دیگر اشیاء اگر سرکاری نرخ سے زائد پر فروخت ہوئیں تو متعلقہ دکاندار کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی۔