ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آفاق احمد کی گرفتاری کو عجلت میں کیا گیا اقدام قرار دیا اور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈمپر جلانے کے پیچھے نہ آفاق احمد ہیں اور نہ ہی ایم کیو ایم بلکہ یہ عوام کے غم و غصے کا اظہار ہے۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی طلباء سے ملاقات، ملک دشمن عناصر کو دوٹوک پیغام
فاروق ستار نے خبردار کیا کہ کراچی میں حالات کسی بھی وقت بگڑ سکتے ہیں اور اگر حکومت نے فوری طور پر مسئلے کا حل نہ نکالا تو 1985 سے بھی بدتر حالات پیدا ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں ڈمپر مافیا بے لگام ہو چکی ہے اور اگر اس کے خلاف سخت ایکشن نہ لیا گیا تو کراچی میں لسانی فسادات کے خدشات بڑھ جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں صوبائی حکومت کی بدترین حکمرانی، کرپشن اور بدانتظامی نے عوام کو احساس محرومی اور عدم تحفظ میں مبتلا کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی 16 سالہ حکمرانی نے کراچی کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے اور اگر صورتحال نہ بدلی تو کراچی کی سیاسی ڈائنامکس تبدیل ہو جائیں گی۔
فاروق ستار کے دیگر اہم بیانات:
رینجرز کو سڑکوں پر تعینات کیا جائے تاکہ ٹریفک اور عوامی تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
ڈمپر مافیا کے خلاف کارروائی کی جائے اور سیاسی جماعتوں میں گھسنے والے مافیا کارندوں کو بے نقاب کیا جائے۔
کراچی کو 1985 جیسی بدامنی میں دھکیلنے کی سازش کی جا رہی ہے، حکومت نے اب بھی نوٹس نہ لیا تو صورتحال خطرناک ہو جائے گی۔
حکومت نام کی کوئی چیز موجود نہیں، رشوت اور بدعنوانی اپنے عروج پر ہے، جبکہ عوام احساس محرومی اور بے بسی کا شکار ہیں۔
سرجانی اور ضلع غربی لینڈ مافیا کے قبضے میں ہیں، جبکہ جامعات اور تعلیمی ادارے نااہل افسران کے رحم و کرم پر ہیں۔