کراچی: کلفٹن پولیس اور سی ٹی ڈی کے مشترکہ مقابلے میں ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت ہو گئی ہے۔ پولیس کے مطابق ہلاک ملزمان میں راج کمار، شیری چند، نواب احمد اور عبدالستار شامل ہیں۔ یہ ملزمان سندھ پولیس کے انتہائی مطلوب تھے اور ان پر متعدد سنگین جرائم کے الزامات تھے۔
مفتی منیب الرحمن اور سنی تحریک کے رہنماؤں کی اہم ملاقات، اسلام مخالف سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار
ایس پی کلفٹن نے بتایا کہ مارے گئے ملزمان کے خلاف 70 کے قریب مقدمات درج تھے، جن میں قتل، اقدام قتل، ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم اور دیگر وارداتیں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان نے ڈکیتی مزاحمت پر کئی شہریوں کو قتل کیا اور مختلف علاقوں میں اپنے جرائم کی وارداتیں کیں۔
پولیس حکام کے مطابق ان میں سے ایک ملزم، راج کمار، شکار پور پولیس کا سابقہ اہلکار تھا۔ ہلاک ملزمان نے 6 نومبر کو توحید کمرشل میں ڈکیتی کی واردات کی تھی جس میں سیکیورٹی ادارے کے سابق اہلکار سعید کو قتل کر دیا گیا تھا۔ سعید بینک سے رقم نکال کر جا رہے تھے کہ مزاحمت پر ان کی جان لی گئی۔ اسی گروہ نے 5 جون کو تاجر آصف بلوانی کو بھی قتل کیا تھا اور 12 جنوری 2022 کو ہندو تاجر ویرباند کو بھی قتل کیا تھا۔
ملزمان کے خلاف سندھ کے مختلف تھانوں میں متعدد مقدمات درج تھے۔ نواب احمد کے خلاف سندھ کے مختلف تھانوں میں 27 مقدمات تھے، جبکہ راج کمار کے خلاف کلفٹن، بوٹ بیسن اور دادو میں 14 مقدمات درج تھے۔ شیری چند کے خلاف کلفٹن، بوٹ بیسن اور لاڑکانہ میں 13 مقدمات تھے، اور عبدالستار کے خلاف کراچی میں 15 مقدمات درج تھے۔
پولیس نے مزید تفصیلات کے لیے تحقیقات کا سلسلہ جاری رکھا ہے اور مزید کارروائیاں متوقع ہیں۔