تشکر نیوز: جماعت اسلامی کے منتخب بلدیاتی نمائندے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے سرگرم عمل ہیں اور مستقبل کے معماروں کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ یہ خیالات چیئرمین محمد یوسف نے نیو کراچی ٹاؤن کے زیر انتظام چلنے والے اسکولوں کے دورے کے دوران بیان کیے۔
کراچی: المستقیم ویلفیئر کی جانب سے شاہ فیصل کالونی میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد
اس موقع پر وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر، یونین کمیٹی نمبر 11 کے چیئرمین غضنفر علی، ڈائریکٹر ایجوکیشن نیو کراچی سید محمد منزمل عباس، ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن حنین میؤ، XEN بی اینڈ آر اشفاق حسین، اور انجینئر بی اینڈ آر فیصل صدیق سمیت دیگر بلدیاتی افسران بھی موجود تھے۔
چیئرمین محمد یوسف نے حکیم احسن لائبریری سیکٹر 11-L، عبدالستار ایدھی اسکول، اور مولانا تمیزالدین اسکول سیکٹر 5-E کے دورے کے دوران جاری تزین و آرائش کے کام کا معائنہ کیا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ ان کاموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ طلباء و طالبات کو بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔
محمد یوسف نے مزید کہا کہ پچھلے دور میں سرکاری بلدیاتی اسکولوں پر توجہ نہیں دی گئی، جس کے باعث عمارتیں خستہ حال ہوگئیں اور طلباء کو بنیادی ضروریات کی سہولیات دستیاب نہیں تھیں۔ آج الحمدللہ، نیو کراچی ٹاؤن کے بلدیاتی اسکولوں میں بہتری آرہی ہے، اور نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں کے لئے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے وضاحت کی کہ متوسط طبقے کے لوگ پرائیویٹ اسکولوں کی فیس ادا کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے، اس لئے ہماری کوشش ہے کہ بلدیاتی اسکولوں میں تعلیمی معیار اور ماحول کو اس حد تک بہتر بنایا جائے کہ غریب گھرانوں کے بچے بھی اچھی تعلیم حاصل کرسکیں۔
چیئر مین نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کے منتخب نمائندے نیو کراچی ٹاؤن کے مسائل حل کرنے کے لیے کوشاں ہیں، کیونکہ پچھلے 10 سے 15 سالوں میں یہاں کی تعمیر و ترقی پر توجہ نہیں دی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے سال میں نیو کراچی کی اندرونی سڑکوں اور گلیوں کی تقریباً چھ لاکھ اسکوائر فٹ کارپیٹنگ کی گئی ہے اور عوامی شکایات کے حل کے لیے 40 لاکھ روپے خرچ کیے گئے ہیں۔
چیئرمین نے کہا کہ عوام نے ہم پر اعتماد کیا ہے، اور ہم ان کے مسائل حل کرنے کے لئے کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نیو کراچی ٹاؤن کے 15 پارکوں کی تزین و آرائش کے بعد عوام کے حوالے کر دیے گئے ہیں۔
کراچی: المستقیم ویلفیئر کی جانب سے شاہ فیصل کالونی میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد
آخری میں، محمد یوسف نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں مسائل بہت زیادہ ہیں، لیکن ان کے حوصلے بلند ہیں اور وہ عوام کو بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کا عمل جاری رکھیں گے۔