تشکر نیوز: پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی ترجمان شازیہ مری نے عمر ایوب کی جانب سے پیپلز پارٹی پر کی جانے والی تنقید کا سخت جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی جمہوریت کے لیے قربانیاں کسی سے چھپی نہیں ہیں۔ انہوں نے عمر ایوب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ "جنرل ایوب کا پوتا پیپلز پارٹی کو جمہوریت اور اس کے اقدار نہ سکھائے۔” شازیہ مری نے مزید کہا کہ مارشل لاء کا خواب دیکھنے والے ہمیشہ شکست سے دوچار رہیں گے اور پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوری اصولوں کی پاسداری کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اپنی پارٹی کے منشور کے تحت آئینی اصلاحات پر کام کر رہے ہیں اور ان کا مقصد عوام کو انصاف دلانا ہے۔ انہوں نے بلاول بھٹو کی جدوجہد کو سراہتے ہوئے کہا کہ "بلاول بھٹو کو پچاس سال لگے اپنے نانا شہید ذوالفقار علی بھٹو کے عدالتی قتل کا انصاف لینے میں، عام پاکستانی کو انصاف کے حصول کے لیے کتنا وقت لگے گا، اس کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔”
شازیہ مری نے سپریم کورٹ کے نظام پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عدالتوں میں آنے والے دس فیصد کیسز آئینی ہوتے ہیں، مگر وہ نوے فیصد وقت لے لیتے ہیں۔ پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ عدلیہ میں اصلاحات کی جائیں تاکہ عام آدمی کو جلد ریلیف ملے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری چارٹر آف ڈیموکریسی پر عمل درآمد چاہتے ہیں اور ماضی میں بھی پیپلز پارٹی نے دو تہائی اکثریت نہ ہونے کے باوجود مکالمے اور مذاکرات کے ذریعے ترامیم کی ہیں۔ شازیہ مری نے سیاسی جماعتوں کے اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک نفرت یا عداوت کا متحمل نہیں ہو سکتا، سب کو متحد ہو کر کام کرنا ہوگا۔
عمر ایوب پر تنقید کرتے ہوئے شازیہ مری نے کہا کہ عمر ایوب بتائیں کہ اب تک انہوں نے کتنی پارٹیاں اور بیانیے بدلے ہیں؟ حیرت کی بات ہے کہ جس پارٹی کو پہلے گالیاں دیتے ہیں، اسی میں شامل ہو کر قصیدے پڑھتے ہیں۔
پیپلز پارٹی ہمیشہ سے سیاسی مذاکرات اور اتفاق رائے کی بات کرتی آئی ہے اور آئندہ بھی یہی طریقہ کار اپنائے گی، شازیہ مری