تشکر نیوز: نیو کراچی ٹاؤن کے منتخب بلدیاتی نمائندے عوامی اُمنگوں پر پورا اُترنے لگے ہیں۔ چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف اور ان کی ٹیم عوامی مسائل کے حل کے لیے شب و روز میدان عمل میں موجود ہیں۔ چیئرمین محمد یوسف نے سیکٹر 11-B نارتھ کراچی میں ساٹھ لاکھ روپے کے فنڈ سے سنی پان سے نائس بیکری تک نئی سیوریج لائن کی تنصیب کا جائزہ لیا۔
سعید غنی کی شہید عثمان غنی کی 29ویں برسی پر بات چیت
چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ سیکٹر 11-B میں برسوں سے سیوریج کے مسائل درپیش تھے۔ اس علاقے کا سیوریج ڈسپوزل ناگن چورنگی پر ہوتا ہے، جہاں پہلے ہی نالے کی صورتحال ابتر ہے، جس کی وجہ سے علاقے میں سیوریج کا مسئلہ برقرار رہا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یوسی چیئرمین ندیم انجم کے پاس سیوریج کے مسائل کی درخواست آئی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ ناگن چورنگی پر سیوریج کا بہت زیادہ دباؤ ہے جس کی وجہ سے سیکٹر 11-B میں سیوریج سسٹم ناکام ہوگیا ہے، اور علاقے میں گندے پانی کے جوہڑ بن گئے ہیں، جس کی وجہ سے بدبو اور تعفن پھیل گیا ہے، اور مچھروں کی افزائش ہورہی ہے۔
محمد یوسف نے کہا کہ جماعت اسلامی کے منتخب نمائندوں نے انجینئرز کی ٹیم کی مدد سے فیصلہ کیا کہ علاقے کے سیوریج ڈسپوزل کو تبدیل کیا جائے، اور الحمدللہ، یہ کام شروع ہو چکا ہے، جو ایک ہفتے میں مکمل ہو جائے گا۔ نئی سیوریج لائن کی تنصیب کے بعد، سیکٹر 11-B کے رہائشیوں کو اس مشکل سے نجات مل جائے گی اور علاقے کے سیوریج کے مسائل حل ہو جائیں گے۔
چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ جماعت اسلامی کے منتخب بلدیاتی نمائندے عوامی مفاد کے لیے کام کر رہے ہیں اور واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی ذمہ داری ہونے کے باوجود، ہم ٹاؤن کے فنڈ سے سیوریج مسائل حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی نمائندے وہ ہوتے ہیں جو پریشانی میں عوام کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں، اور جماعت اسلامی کے نمائندے عوامی مسائل کا حل تلاش کر کے ان کو سکون فراہم کر رہے ہیں۔
انہوں نے حکومت سندھ سے اپیل کی کہ شہر کراچی کے لیے سیوریج کا کوئی ماسٹر پلان ترتیب دیا جائے، کیونکہ کراچی میں موجودہ سیوریج سسٹم 50 سال پرانا ہے جو جدید ضروریات کو پورا کرنے سے قاصر ہے۔ پرانی اور فرسودہ سیوریج لائنوں کو تبدیل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔