تشکر نیوز: ترجمان واٹر کارپوریشن نے اپنے جاری کردہ اعلامیہ میں بتایا کہ سی ای او واٹر کارپوریشن انجینئر سید صلاح الدین احمد کی ہدایت پر الھلال سوسائٹی میں پانی کی لائنوں میں والز کی تبدیلی کا کام جاری ہے۔ اس منصوبے کے تحت ایک وال اولڈ سٹی ٹرنک مین (سی ٹی ایم) کی 66 انچ کی لائن میں 60 انچ ڈایا اور دوسرا کاسٹ آئرن سسٹم (سی آئی) کی 60 انچ کی لائن میں 60 انچ ڈایا تنصیب کیا جا رہا ہے۔
ترجمان نے وضاحت کی کہ والز کی تنصیب سے پانی کے کنٹرولنگ سسٹم میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ریڈ لائن منصوبے کے تحت جاری کام کی وجہ سے واٹر کارپوریشن کی پانی کی لائنوں میں لیکیجز پیدا ہو گئے ہیں، اور والز کنٹرولنگ سسٹم کی تنصیب سے یونیورسٹی روڈ اور میکرو صدر پر موجود لیکیجز کا خاتمہ ممکن ہوگا۔ اس سے قبل لیکیجز کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سے شٹ ڈاؤن لینا پڑتا تھا جس سے پورے شہر کی پانی کی فراہمی معطل ہو جاتی تھی، مگر نئے کنٹرولنگ سسٹم کے بعد شٹ ڈاؤن کی ضرورت نہیں رہے گی۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وال کنٹرولنگ سسٹم کی مدد سے گلشن اقبال ٹاؤن، جمشید ٹاؤن، چنیسر ٹاؤن، لیاری ٹاؤن، کیماڑی ٹاؤن، لیاقت آباد ٹاؤن، اور ناظم آباد ٹاؤن میں پانی کی مساوی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے گا۔ واضح رہے کہ وال کی تبدیلی کا یہ کام واٹر ٹرنک مین واٹر کارپوریشن کی جانب سے کیا جا رہا ہے اور امید ہے کہ یہ کام کل شام تک مکمل کر لیا جائے گا۔