قومی قیادت سر جوڑ کر بیٹھے ورنہ پاکستان کا مزید نقصان ہوجائے گا ، لیاقت بلوچ

تشکُّر نیوز رپورٹنگ،

جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ آج کے انتخاب جیتنے والے بھی رو رہے ہیں اور الیکشن ہارنے والے بھی رو رہے ہیں۔

نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے انتخابی دھاندلی کے خلاف مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی توقعات صاف شفاف انتخابات کی تھی، ہر آنے والا انتخاب پہلے سے زیادہ دھاندلی زدہ ثابت ہورہا ہے، سال 2024کے انتخاب نے ماضی کی دھاندلی کے ریکارڈز توڑ دیئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس الیکشن میں چوتھے پانچویں نمبر پر آنے والوں کو کامیاب قرار دے دیا گیا ہے، اس انتخاب کو ہم مسترد کرتے ہیں، الیکشن کمشنر ریاستی اداروں کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوا ہے لہذا چیف الیکشن کمشنر اپنے عہدے سے مستعفی ہوں۔

نائب امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ نگران حکومتیں انتخابات میں انتخابی دھاندلی کے لئے سہولت کار بنی رہی ہیں، نگران حکومتیں بھی یرغمال بنی رہتی ہیں اس لئے اسے بدلنا چاہئے، چیف جسٹس آف پاکستان ان انتخابات پر عدالتی کمیشن تشکیل دیں اور نگران وزیر اعظم چیف جسٹس آف پاکستان کو انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کے لئے ریفرنس بھیجیں۔

لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ مقتدر حلقوں کے لئے ہر پانچ سال بعد لاڈلہ بدل جاتا ہے، ہر الیکشن پر سیاستدانوں کا ضمیر بدل جاتا ہے ، قومی قیادت  سبق سیکھے، آصف علی زرداری اور شہبازشریف ہمارے پاس آئے کہ ساتھ دیں لیکن ہم نے مولانا فضل الرحمن سمیت سب کو کہا کہ عدم اعتماد نہ کی جائے ورنہ بہت نقصان ہوگا پھر وہی ہوا۔

 

 

انہوں نے کہا کہ ہم نے بانی  چیئرمین پی ٹی آئی سے بھی کہا کہ سیاستدانوں سے بات چیت کریں، آج کے انتخاب جیتنے والے بھی رو رہے ہیں، الیکشن ہارنے والے بھی رو رہے ہیں، قومی قیادت سر جوڑ کر بیٹھے ورنہ پاکستان کا مزید نقصان ہوجائے گا  جب کہ ریاستی اداروں  کو کسی کو لانے اور کسی کو گرانے کا رویہ ختم کرنا ہوگا، آج سب بڑی جماعتوں سے ثابت ہوگیا کہ حل صرف جماعت اسلامی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!