کراچی (18 مئی 2026) — ڈی آئی جی ایسٹ زون ڈاکٹر فرخ علی کی زیر صدارت خصوصی ٹاسک فورس کا تیسرا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں کورنگی و ملیر کے ایس ایس پیز، انویسٹیگیشن ونگ افسران اور کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے نمائندگان نے شرکت کی۔
کراچی میں منشیات و گٹکا ماوا کے خلاف بڑی کارروائیاں، متعدد ملزمان گرفتار
اجلاس میں صنعتی علاقوں میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، فیکٹری مالکان کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز، بھتہ خوری، دھمکیوں اور بلیک میلنگ کے واقعات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ افسران نے جاری کارروائیوں، گرفتاریوں اور زیر تفتیش مقدمات سے متعلق پیش رفت سے اجلاس کو آگاہ کیا۔
کاٹی کے نمائندگان نے مطالبہ کیا کہ صنعتکاروں کو ہراساں کرنے اور غیر قانونی مطالبات میں ملوث عناصر کے خلاف سخت اور مسلسل کارروائی کی جائے تاکہ صنعتی سرگرمیوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
ڈی آئی جی ایسٹ ڈاکٹر فرخ علی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ صنعتی علاقوں میں بھتہ خوری، دھمکیوں اور بلیک میلنگ کے معاملات پر زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی کوشش ہے کہ صنعتکاروں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے تاکہ کاروباری سرگرمیاں بلا خوف و خطر جاری رہ سکیں۔
انہوں نے مزید ہدایت دی کہ فیکٹری مالکان کی شکایات کا فوری اور مؤثر ازالہ کیا جائے اور شرپسند عناصر کے خلاف بلا تاخیر کارروائی عمل میں لائی جائے۔
اجلاس کے اختتام پر کاٹی کے نمائندگان نے پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ٹاسک فورس کے اقدامات پر اطمینان اور اظہارِ تشکر کیا، جبکہ اچھی کارکردگی پر متعلقہ افسران کو شاباش بھی دی گئی۔
