صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کے سیاسی معاملات باہمی مشاورت سے حل کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
ایوانِ صدر سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔ اس دوران ملک کی موجودہ صورتِ حال پر گفتگو ہوئی۔
ملاقات میں مشرقِ وسطیٰ کی صورتِ حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے ملک کے سیاسی حالات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
تمام معاملات بات چیت سے حل کرنے پر اتفاق
ایوانِ صدر کے مطابق ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ تمام معاملات کا حل بات چیت کے ذریعے نکالا جائے گا۔
بیان میں کہا گیا کہ گزشتہ آئینی ترامیم تمام اتحادی جماعتوں کی باہمی مشاورت سے کی گئی تھیں۔
ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ تمام معاملات پر مل بیٹھ کر مشاورت کی جائے گی۔ ان کے حل کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔