کراچی میں پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے ڈی آئی جی ٹریفک کراچی سید پیر محمد شاہ سے ملاقات کی، جس میں ٹرانسپورٹرز کو درپیش مختلف مسائل اور مبینہ طور پر کیے جانے والے ناجائز ای چالان کے معاملات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
کراچی میں بڑھتے اسٹریٹ کرائمز، ایم پی اے محمد عامر صدیقی کی سندھ اسمبلی میں التواء تحریک جمع
ملاقات کے دوران ملک شہزاد اعوان نے مؤقف اختیار کیا کہ کراچی میں ٹرک، ٹریلر اور منی مزدا گاڑیوں کے خلاف غیر ضروری اور مبینہ طور پر ناجائز ای چالان کیے جارہے ہیں، جس سے ٹرانسپورٹ سیکٹر کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
انہوں نے ڈی آئی جی ٹریفک کو آگاہ کیا کہ نیو ٹرک اسٹینڈ میں کھڑی گاڑیوں پر بھی چالان کیے جارہے ہیں، جس پر فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔
ملک شہزاد اعوان کے مطابق ڈی آئی جی ٹریفک کراچی نے نیو ٹرک اسٹینڈ میں کھڑی گاڑیوں پر چالان کرنے سے ٹریفک پولیس کو روکنے کی ہدایت جاری کردی ہے، جبکہ اس حوالے سے مزید پالیسی وضاحت تک کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ڈی آئی جی ٹریفک نے ہدایت دی ہے کہ ٹرک، ٹریلر، مزدا اور دیگر کمرشل گاڑیوں میں ٹریکرز اور کیمرے نصب کیے جائیں تاکہ ٹریفک مینجمنٹ اور نگرانی کے نظام کو بہتر بنایا جاسکے۔ اس موقع پر ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ ان کی تنظیم کی زیادہ تر گاڑیوں میں ٹریکرز پہلے ہی نصب کیے جاچکے ہیں جبکہ باقی پر بھی کام جاری ہے۔
ملاقات میں منی مزدا گاڑیوں کے مسائل پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی، جبکہ عدیل عباسی نے تکنیکی دلائل کے ساتھ ڈی آئی جی ٹریفک کو بریفنگ دی۔
ملک شہزاد اعوان کے مطابق مزدا HTV گاڑیوں کی اسپیڈ لیمٹ 30 سے بڑھا کر 60 کی گئی ہے، جس سے ٹرانسپورٹ آپریشنز میں بہتری متوقع ہے۔
مزید بتایا گیا کہ ڈی ایس پی لیگل محمد طفیل کو فوکل پرسن نامزد کیا گیا ہے جو ٹرانسپورٹرز کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں گے۔
ملک شہزاد اعوان نے ڈی آئی جی ٹریفک سید پیر محمد شاہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے مسائل کو سنجیدگی سے سنا گیا ہے اور حل کی یقین دہانی کروائی گئی ہے، جس سے ٹرانسپورٹ سیکٹر میں بہتری کی امید پیدا ہوئی ہے۔
