کراچی میں بڑھتے اسٹریٹ کرائمز، ایم پی اے محمد عامر صدیقی کی سندھ اسمبلی میں التواء تحریک جمع

کراچی میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز اور شہریوں کو درپیش عدم تحفظ کے مسئلے پر رکنِ صوبائی اسمبلی سندھ محمد عامر صدیقی نے سندھ اسمبلی میں التواء تحریک جمع کرا دی۔

سوشل میڈیا پر خاتون کو ہراساں کرنے والا ملزم 12 گھنٹوں میں گرفتار، حلیہ بدلنے کی کوشش ناکام

تحریک میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ کراچی میں موبائل فون، موٹر سائیکل اور گاڑیاں چھیننے کی وارداتوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہوچکا ہے، جس کے باعث شہری شدید خوف و ہراس اور عدم تحفظ کا شکار ہیں۔

محمد عامر صدیقی نے ایوان کی توجہ شہر میں بگڑتی ہوئی امن و امان کی صورتحال کی جانب مبذول کراتے ہوئے کہا کہ مارچ 2026 کے دوران موبائل اسنیچنگ کے 1265 واقعات رپورٹ ہوئے جبکہ اپریل 2026 میں یہ تعداد بڑھ کر 1624 تک پہنچ گئی، جو صورتحال کی سنگینی کو ظاہر کرتی ہے۔

تحریک کے متن کے مطابق موٹر سائیکل اور کار اسنیچنگ کی وارداتوں میں بھی مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے، جبکہ جرائم پیشہ عناصر شہریوں سے اسلحے کے زور پر قیمتی سامان چھیننے میں ملوث ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف فوری، مؤثر اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔ محمد عامر صدیقی نے شہر بھر میں پولیس گشت بڑھانے، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشنز کرنے اور جدید نگرانی کے نظام کو فعال بنانے کی بھی اپیل کی۔

انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے اور شہر میں بڑھتی ہوئی جرائم کی وارداتیں نہ صرف شہریوں بلکہ کاروباری سرگرمیوں کے لیے بھی سنگین خطرہ بنتی جارہی ہیں، لہٰذا حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فوری اور عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!