کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن سیکٹر 10 اور 13 میں ادارہ ترقیات کراچی (کے ڈی اے) کے محکمہ اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ کا تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن تیسرے روز بھی بھاری مشینری کے ساتھ جاری ہے۔
کراچی ٹرانسپورٹرز کے مسائل پر پیشرفت، ڈی آئی جی ٹریفک نے نیو ٹرک اسٹینڈ پر چالان روکنے کی ہدایت
انتظامیہ کے مطابق ناگزیر سیکیورٹی وجوہات کے باعث عارضی تعطل کے بعد آپریشن کو دوبارہ شروع کیا گیا، جس دوران پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر موجود رہی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹا جاسکے۔
کے ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ سرجانی ٹاؤن میں سرکاری اراضی پر قائم غیر قانونی قبضوں کے خاتمے کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں اور یہ آپریشن قبضہ مافیا کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گا۔
آپریشن کی نگرانی ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ شکیل احمد خان خود کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق ادارہ کسی بھی صورت میں سرکاری زمین پر غیر قانونی قبضے کی اجازت نہیں دے گا اور کارروائی کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری اراضی کے تحفظ کے لیے ادارہ ترقیات کراچی پوری طرح متحرک ہے اور شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف مؤثر اقدامات جاری رکھے گئے ہیں۔ بھاری مشینری کے ذریعے غیر قانونی تعمیرات اور قبضوں کو ہٹایا جارہا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق یہ کارروائی شہری منصوبہ بندی، سرکاری زمین کے تحفظ اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے کی جارہی ہے، جبکہ مزید علاقوں میں بھی آپریشن کا دائرہ وسیع کیے جانے کا امکان ہے۔
