صوبائی وزیرِ صحت ڈاکٹر اذرا فضل پیچوہو کا پولیو بوسٹر مہم کا افتتاح، سندھ کو پولیو فری بنانے کا عزم

کراچی: صوبائی وزیرِ صحت سندھ ڈاکٹر اذرا فضل پیچوہو نے صوبے میں پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کے لیے خصوصی پولیو بوسٹر مہم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے۔

کورنگی میں عید قرباں سے قبل مویشی چوری کی واردات، 9 بکرے لے اڑے نامعلوم ملزمان

کراچی میں سندھ سیکریٹریٹ میں منعقدہ مرکزی افتتاحی تقریب کے دوران وزیرِ صحت نے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی اضافی خوراک (بوسٹر ڈوز) پلا کر مہم کا آغاز کیا۔ اس موقع پر سیکریٹری صحت طاہر حسین سانگھی، ای او سی کوآرڈینیٹر شہریار میمن اور محکمہ صحت کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر اذرا فضل پیچوہو نے کہا کہ سندھ حکومت پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور سندھ کو پولیو فری بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو ایک موذی مرض ہے جس سے بچوں کو محفوظ رکھنے کے لیے حفاظتی ٹیکہ جات انتہائی اہم ہیں۔

انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ 4 سے 10 سال کی عمر کے بچوں کو پولیو بوسٹر ڈوز لازمی لگوائیں تاکہ انہیں مستقل معذوری کے خطرے سے محفوظ رکھا جا سکے۔

وزیرِ صحت نے کہا کہ مہم کے دوران پولیو ٹیموں کی سیکیورٹی اور حساس علاقوں تک رسائی کے لیے مؤثر انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ ہر بچے تک ویکسین کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے حکومت کے ساتھ ساتھ والدین، اساتذہ، علمائے کرام اور سول سوسائٹی کو بھی مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا۔

محکمہ صحت کے مطابق اس خصوصی مہم کے تحت کراچی کی 89 یونین کونسلز سمیت مختلف اضلاع میں لاکھوں بچوں کو گھر گھر جا کر اور قائم کردہ مراکز پر پولیو سے بچاؤ کی اضافی خوراک فراہم کی جائے گی۔

2 thoughts on “صوبائی وزیرِ صحت ڈاکٹر اذرا فضل پیچوہو کا پولیو بوسٹر مہم کا افتتاح، سندھ کو پولیو فری بنانے کا عزم

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!