کراچی (وزیراعلیٰ ہاؤس، 11 مئی 2026): وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بیجنگ یونائیٹڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنی لمیٹڈ (IBI) اور دیگر چینی سرمایہ کاروں پر مشتمل 32 رکنی اعلیٰ سطحی وفد سے اہم ملاقات کی، جس میں سندھ میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
صوبائی وزیرِ صحت ڈاکٹر اذرا فضل پیچوہو کا پولیو بوسٹر مہم کا افتتاح، سندھ کو پولیو فری بنانے کا عزم
وفد کی قیادت آئی بی آئی کے صدر اور سی ای او چیان شیاو جون نے کی، جبکہ اس میں چین کی ڈیجیٹل تجارت، لاجسٹکس، کیمیکلز، ٹیکسٹائل، تعمیراتی سامان، مشینری، توانائی اور صنعتی ٹیکنالوجی سے وابستہ بڑی کمپنیوں کے اعلیٰ عہدیداران شامل تھے۔ چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی بھی وفد کا حصہ تھے، جبکہ وزیراعلیٰ سندھ کی معاونت صوبائی وزراء، مشیران، معاون خصوصی محمد علی راشد، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور متعلقہ سیکریٹریز نے کی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے چینی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ کراچی تیزی سے علاقائی تجارت اور ٹیکنالوجی کے مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے اور یہاں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ خصوصاً کراچی چینی سرمایہ کاروں کو مضبوط صنعتی انفراسٹرکچر اور منڈیوں تک آسان رسائی فراہم کرتا ہے۔
مراد علی شاہ نے وفد کو سندھ کی ڈیجیٹل معیشت، لاجسٹکس، قابلِ تجدید توانائی، ٹیکسٹائل، پیٹروکیمیکل اور برآمدات پر مبنی شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ پالیسی سپورٹ، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور آسان کاروباری ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
ملاقات میں اسپیشل اکنامک زونز (SEZs)، صنعتی ڈیجیٹلائزیشن، اسمارٹ سپلائی چین سسٹمز، ویئر ہاؤسنگ، لاجسٹکس پارکس اور ایکسپورٹ سہولت مراکز کے قیام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چینی وفد نے کراچی پورٹ سے منسلک اسمارٹ لاجسٹکس، کولڈ چین سسٹمز اور جدید ویئر ہاؤسنگ انفراسٹرکچر میں دلچسپی ظاہر کی۔
ٹیکسٹائل، کیمیکلز، مشینری اور توانائی کے شعبوں سے وابستہ کمپنیوں نے سندھ میں صنعتی یونٹس، مینوفیکچرنگ پلانٹس اور قابلِ تجدید توانائی منصوبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ چینی سرمایہ کاروں سے قریبی رابطہ رکھا جائے، فزیبلٹی اسٹڈیز میں مکمل سہولت فراہم کی جائے اور صنعتی زونز میں موزوں مقامات کی نشاندہی کی جائے تاکہ سرمایہ کاری کے عمل کو تیز کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ پاکستان اور چین کے اسٹریٹجک تعلقات کے تحت اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانا چاہتی ہے اور دونوں ممالک طویل المدتی صنعتی شراکت داریوں کے خواہاں ہیں۔
چینی وفد نے سندھ میں سرمایہ کاری کے مواقع کو سراہتے ہوئے کراچی کی علاقائی تجارتی اور لاجسٹکس مرکز کے طور پر حیثیت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ مستقبل میں دونوں جانب سے بزنس ٹو بزنس روابط، فزیبلٹی اسٹڈیز اور مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) کی راہ ہموار ہونے کی توقع ہے۔
