کراچی: ضلع کورنگی میں بڑھتی ہوئی وارداتوں کے دوران اب انسانوں کے بعد جانور بھی محفوظ نہ رہے، جہاں عیدالاضحیٰ قریب آتے ہی قربانی کے جانوروں کی چوری کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
وزارت اطلاعات و نشریات کا معرکۂ حق کی کامیابی پر خصوصی ملی نغمہ جاری، قومی جذبے کا اظہار
تازہ واقعہ کھوکھراپار ڈگری کالج کے قریب پیش آیا، جہاں گزشتہ شب نامعلوم ملزمان نے ایک پلاٹ کا دروازہ توڑ کر 9 بکرے چوری کر لیے۔ متاثرہ شہری کے مطابق چوری شدہ جانوروں کی مجموعی مالیت تقریباً 8 لاکھ روپے ہے۔
متاثرہ شہری نے بتایا کہ وہ عید قرباں کے موقع پر فروخت کے لیے 13 بکرے پلاٹ میں لے کر آیا تھا۔ اس کے مطابق رات تقریباً تین بجے وہ پلاٹ کو تالا لگا کر گھر چلا گیا، تاہم صبح سات بجے جب وہ جانوروں کو چارہ دینے پہنچا تو پلاٹ کا دروازہ کھلا ہوا تھا اور 13 میں سے 9 بکرے غائب تھے۔
پولیس کے مطابق واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی گئی ہے، جس میں کار سوار تین ملزمان کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ فوٹیج میں ملزمان کو چوری شدہ بکرے گاڑی میں لادتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔
متاثرہ شہری نے پولیس کو درخواست دے کر مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کر کے قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔
