اسلام آباد: وزارت اطلاعات و نشریات نے معرکۂ حق کی تاریخی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر قومی جذبے سے بھرپور ایک خصوصی ملی نغمہ جاری کر دیا ہے، جس میں وطن سے محبت، قومی یکجہتی اور دفاعِ وطن کے عزم کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا گیا ہے۔
یہ ملی نغمہ معروف گلوکار شیراز اپل کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے دل کو چھو لینے والے بول ’’بنیان مرصوص ۔ ہمیشہ تیار ہیں ہم‘‘ قومی جذبے کی عکاسی کرتے ہیں۔
نغمے میں 10 مئی کو پاکستان مونومنٹ میں منعقد ہونے والی معرکۂ حق کی مرکزی تقریب کے دلکش مناظر شامل کیے گئے ہیں، جن میں اعلیٰ سول و عسکری قیادت کی شرکت کو نمایاں کیا گیا ہے۔ ان مناظر میں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت کابینہ ارکان، اہم سیاسی و سماجی شخصیات کی شرکت بھی دکھائی گئی ہے۔
اس کے علاوہ تینوں مسلح افواج کے چاک و چوبند دستوں کی شاندار پریڈ کو بھی خصوصی طور پر نغمے کا حصہ بنایا گیا ہے، جو ملک کی دفاعی صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظہر ہے۔
نغمے میں عوام کے جوش و خروش اور والہانہ جذبات کی جھلکیاں بھی شامل ہیں، جو تقریب کے دوران قومی یکجہتی کے مناظر کو مزید مؤثر بناتی ہیں۔
وزارت اطلاعات کے مطابق اس خصوصی نغمے کا مقصد معرکۂ حق کی کامیابی کو قومی تاریخ کا اہم باب قرار دیتے ہوئے اس عزم کو دہرانا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج اور پوری قوم وطن عزیز کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔
