عوامی کالونی پولیس کا ڈکیت گروہ کے خلاف بڑا آپریشن، مقابلے کے بعد زخمی سمیت 4 ملزمان گرفتار

کراچی: عوامی کالونی پولیس نے باغ کورنگی کے علاقے میں اسٹریٹ کرائم میں ملوث خطرناک ڈکیت گروہ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے کے بعد زخمی سمیت چار ملزمان کو گرفتار کرلیا، جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز اور موٹرسائیکلیں برآمد کرلی گئیں۔

عوام دوست مویشی منڈی میں جانوروں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز، صحت مند جانوروں کو ہی داخلے کی اجازت

پولیس کے مطابق کارروائی اس وقت عمل میں آئی جب دو موٹرسائیکلوں پر سوار چار ملزمان شہریوں سے لوٹ مار کرکے فرار ہو رہے تھے۔ گشت پر مامور ایس ایچ او عوامی کالونی سید عدنان بخاری اور پولیس پارٹی نے ملزمان کا تعاقب کیا۔ پولیس کو دیکھ کر ملزمان نے فائرنگ شروع کردی، جس پر پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک ملزم زخمی ہوگیا جبکہ چاروں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

زخمی ملزم کی شناخت راشد کریم کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ دیگر گرفتار ملزمان میں انس، وقار اور عبدالمعیز شامل ہیں۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے ایک نائن ایم ایم پستول، دو ٹی ٹی پستول، چار موبائل فونز اور دو موٹرسائیکلیں برآمد کی ہیں۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ دیگر ملزمان سے تفتیش جاری ہے۔

ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتار ملزمان نے متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔ پولیس کے مطابق 7 اپریل کو ملزمان نے بلال کالونی میں شہری احمد چانڈیو سے تین لاکھ روپے لوٹے تھے اور مزاحمت پر اسے گولی مار کر زخمی بھی کردیا تھا۔

اسی طرح 28 اپریل کو کورنگی ساڑھے پانچ نمبر کے علاقے میں واقع حرمین بریانی ریسٹورنٹ پر واردات کے دوران ملزمان نے 70 ہزار روپے نقد اور موبائل فونز چھین کر فرار ہونے کا اعتراف بھی کیا ہے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کا گروہ لانڈھی، کورنگی، شاہ فیصل کالونی اور کورنگی صنعتی ایریا سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔ ایس ایچ او سید عدنان بخاری نے بتایا کہ ملزمان کا کرمنل ریکارڈ بھی حاصل کرلیا گیا ہے، جس کے مطابق ان کے خلاف اقدامِ قتل، پولیس مقابلہ، ڈکیتی، ناجائز اسلحہ اور دہشتگردی کی دفعات کے تحت متعدد مقدمات درج ہیں۔

پولیس نے ملزمان کے خلاف مزید قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے جبکہ ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

2 thoughts on “عوامی کالونی پولیس کا ڈکیت گروہ کے خلاف بڑا آپریشن، مقابلے کے بعد زخمی سمیت 4 ملزمان گرفتار

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!