کراچی: ضلع کیماڑی کی تھانہ سائٹ اے پولیس نے انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے گزشتہ ہفتے حبیب بینک چوک سے دھاگے سے لدا لوڈ ٹرک چھیننے کے واقعے میں ملوث چار ملزمان کو گرفتار کرلیا، جبکہ مسروقہ لوڈنگ مزدا اور 21 بورے دھاگہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔
عوامی کالونی پولیس کا ڈکیت گروہ کے خلاف بڑا آپریشن، مقابلے کے بعد زخمی سمیت 4 ملزمان گرفتار
پولیس کے مطابق یہ واردات 30 اپریل 2026 کو سائٹ ایریا حبیب بینک چوک کے قریب پیش آئی تھی، جہاں مسلح ملزمان نے مزدا ٹرک چھین لیا تھا۔ واقعے کا مقدمہ نمبر 174/26 دفعہ 395 تعزیرات پاکستان کے تحت تھانہ سائٹ اے میں درج کیا گیا تھا۔
ایس ایس پی کیماڑی کی ہدایت پر ملزمان کی فوری گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی، جس کی سربراہی ایس ڈی پی او سائٹ اور ایس ایچ او سائٹ اے نے کی۔ پولیس ٹیم نے جدید تکنیکی ذرائع، سی سی ٹی وی فوٹیجز اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے صرف چار دن کے اندر کیس کو ٹریس کرلیا۔
کارروائی کے دوران پولیس نے چھینا گیا لوڈنگ مزدا نمبر JZ-6636 منگھوپیر کے علاقے سے برآمد کیا، جبکہ ایک اور کارروائی میں 21 بورے مسروقہ دھاگہ اورنگی ٹاؤن سیکٹر 10 سے بھی برآمد کرلیا گیا۔
پولیس نے موقع سے چار ملزمان کو گرفتار کیا جن کی شناخت اکبر، محمد جہانگیر، وقار اور شمریز کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ابتدائی تفتیش کے دوران مزید اہم انکشافات کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ گروہ کے دیگر ساتھیوں اور مسروقہ سامان کی مکمل برآمدگی کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

