کراچی پیرآباد میں نجی بینک میں ڈکیتی، مسلح ملزمان گارڈ سے اسلحہ چھین کر نقدی لوٹ کر فرار

کراچی: ڈسٹرکٹ ویسٹ کے علاقے پیرآباد میں منگھوپیر روڈ پر واقع ایک نجی بینک میں ڈکیتی کی واردات پیش آئی ہے، جہاں مسلح ملزمان بینک سے نقدی لوٹ کر باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

عوامی کالونی پولیس کا ڈکیت گروہ کے خلاف بڑا آپریشن، مقابلے کے بعد زخمی سمیت 4 ملزمان گرفتار

پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ واردات میں پانچ ملزمان ملوث تھے، جن میں سے تین مسلح ملزمان بینک کے اندر داخل ہوئے جبکہ دو ملزمان باہر موجود رہے اور نگرانی کرتے رہے۔ ملزمان نے بینک میں داخل ہوتے ہی سیکیورٹی گارڈ کو قابو میں لیا اور اس سے پسٹل اور رائفل چھین لی۔

ذرائع کے مطابق ملزمان نے بینک کاؤنٹر سے نقدی رقم لوٹی، تاہم رقم کی حتمی مقدار کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔ واردات کے دوران ملزمان نے انتہائی منظم انداز اپنایا اور فرار ہوتے وقت بینک کے مرکزی دروازے کو موٹرسائیکل لاک (وائر لاک) کی مدد سے بند کرکے موقع سے فرار ہوگئے، تاکہ فوری تعاقب کو روکا جا سکے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ویسٹ طارق الٰہی مستوئی، ڈی ایس پی اور ایس ایچ او موقع پر پہنچ گئے اور شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کیا گیا۔ کرائم سین یونٹ بھی جائے وقوعہ پر موجود ہے اور مختلف شواہد حاصل کیے جا رہے ہیں جبکہ بینک عملے اور عینی شاہدین کے بیانات بھی قلمبند کیے جا رہے ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق واردات میں ملوث ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے مختلف پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے، جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے بھی تحقیقات کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔

ترجمان ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ویسٹ کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جا رہی ہیں۔

One thought on “کراچی پیرآباد میں نجی بینک میں ڈکیتی، مسلح ملزمان گارڈ سے اسلحہ چھین کر نقدی لوٹ کر فرار

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!